ڈی پی سی کے باوجوداساتذہ کے ترقی آرڈر ز جاری نہ ہوسکے
اساتذہ کی دستاویزات کی تصدیق کا عمل جاری ،جلد آرڈرز ہونگے :ڈی ای اوپابندی ختم ہونے سے قبل پروموشن آرڈرز جاری کیے جائیں ،اساتذہ کا مطالبہ
لاہور(خبر نگار )ضلع لاہور میں ای ایس ٹی سے ایس ایس ٹی اساتذہ کی پروموشن کے لیے محکمانہ پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کا اجلاس منعقد ہونے کے باوجود تاحال پروموشن آرڈرز جاری نہ کیے جا سکے ، جس پر اساتذہ میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ضلع لاہور میں اساتذہ کی پروموشن کے لیے ڈی پی سی کا اجلاس 25 اپریل کو منعقد کیا گیا تھا، تاہم دو ہفتے گزرنے کے باوجود ترقی کے باضابطہ احکامات جاری نہیں کیے گئے ۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ پروموشن اور ایڈجسٹمنٹ پر عائد پابندی آئندہ ہفتے اٹھائے جانے کا امکان ہے ، اس لیے پابندی ختم ہونے سے قبل پروموشن آرڈرز جاری کیے جائیں تاکہ مزید تاخیر سے بچا جا سکے ۔اساتذہ نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع لاہور میں ہونے والی ڈی پی سی کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے ترقی کے احکامات جاری کیے جائیں۔دوسری جانب ڈی ای او سیکنڈری محمد عارف کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے دستاویزات کی تصدیق کا عمل جاری ہے ۔ ان کے مطابق تمام ریکارڈ کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد اساتذہ کے پروموشن آرڈرز جاری کر دیے جائیں گے ۔