لاکھوں مالیت کے غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ ضبط
ٹیکس چوری میں ملوث کمپنیوں کے سگریٹ بھی مارکیٹ سے اٹھا لیے گئے
لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر میں نان ڈیوٹی پیڈ اور بغیر ٹیکس امپورٹڈ سگریٹ کی فروخت کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے ۔ ایف بی آر کی درخواست پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مختلف شہروں میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت متعدد شہروں میں چھاپوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ ضبط کر لیے گئے ، جبکہ ٹیکس چوری میں ملوث کمپنیوں کے سگریٹ بھی مارکیٹ سے اٹھا لیے گئے ہیں۔محکمہ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ڈائریکٹر مشتاق آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیکس چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ڈائریکٹر ریجن اے کے مطابق نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی فروخت روکنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مختلف اضلاع میں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔