وائلڈ لائف:نایاب پینگولن، کالا تیتر اور را طوطا بازیاب
2 کارروائیوں میں قبضے سے جنگلی جانور اور پرندے برآمد، 2 ملزم گرفتار
لاہور(آن لائن) محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار، کاروبار اور قبضے کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے نایاب پینگولن، کالا تیتر اور را طوطا بازیاب کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ محکمہ نے دونوں ملزمان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ پانچ ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ بھی عائد کیا۔ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز گوجرانوالہ نے مسکن سے بھٹکی ایک نایاب پینگولن کو بحفاظت ریسکیو کرکے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا۔ اسی کارروائی کے دوران جنگلی پرندوں کے ایک غیر قانونی ڈیلر سے را طوطا بھی برآمد کیا گیا جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر 25ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ دوسری جانب اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولنگر آکاش ناتھن مسیح نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل منچن آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کے غیر قانونی قبضے سے کالا تیتر بازیاب کر لیا۔