اقبال ٹاؤن: 101 مغوی خواتین بازیاب، متعدد ملزم گرفتار

اقبال ٹاؤن: 101 مغوی خواتین بازیاب، متعدد ملزم گرفتار

خواتین کو اغوا کرنیوالے رعایت کے مستحق نہیں :ایس پی انویسٹی گیشن حسن فاروق

 لاہور(کرائم رپورٹر)اقبال ٹاؤن ڈویژن میں بڑی کامیابیاں، 101 مغوی خواتین بازیاب، قتل اور چوری کے مقدمات کے متعدد ملزم گرفتار کرلئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن حسن فاروق گھمن نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران اغواء ہونے والی 123 خواتین میں سے 101 خواتین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا جبکہ خواتین کو اغوا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے ۔ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ تھانہ ساندہ پولیس نے 16 سالہ نوجوان فائق احمد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم، اس کے سگے بھائی اور بہنوئی کو گرفتار کیا۔ ایس پی حسن فاروق گھمن نے کہا کہ تمام ملزموں کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط چالان مرتب کرکے ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں