مرکزی مسلم لیگ کاصوبہ بھر میں انتخابی نیٹ ورک متحرک
پارٹی صدر خالد مسعود نے مرکزی الیکشن سیکرٹریٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا
لاہور(سیاسی نمائندہ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب بھر میں اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے مرکزی الیکشن سیکرٹریٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاح مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کیا جبکہ اس موقع پر پارٹی الیکشن کمشنر انجینئر حارث ڈار، جنرل سیکرٹری لاہور چودھری حمید الحسن گجر، سردار عبدالغفور ڈوگر، معاذ اشتیاق، عمر عبدالعزیز، ، راشد سندھو، عمر فاروق گجر، شیخ عدیل عامر، حافظ نوید سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ صرف جلسوں کی سیاست نہیں بلکہ یونین کونسل سطح تک منظم عوامی نیٹ ورک کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، کشمیر، کنٹونمنٹ بورڈ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی نے گراس روٹ لیول پر تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اور ہر حلقے میں متحرک ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ عوامی سطح پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے ۔پارٹی الیکشن کمشنر انجینئر حارث ڈار نے کہا کہ پنجاب بھر میں انتخابی فہرستوں، یونین کونسل ڈیٹا اور تنظیمی ڈھانچے پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ امیدواروں اور کارکنان کی تربیت کے لیے بھی خصوصی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔