18ہزار آلائشیں، 600 لٹر تیار آئل تلف، 4 ملزم گرفتار
واٹر پلانٹ، معروف فوڈ یونٹ بند، 19 پوائنٹس کو 3لاکھ کے جرمانے عائد
لاہور( این این آئی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کے دوران 18ہزار کلو چربی اور آلائشیں، 600لٹر تیار آئل اور3ہزار کلو مردہ مرغیاں تلف کر دیں جبکہ دو مقدمات درج کر کے چار ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا،ایک واٹر پلانٹ معروف فوڈ یونٹ بند، 19فوڈ پوائنٹس کو 3لاکھ 52ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسی ٰرضا کے حکم پر سندر اسٹیٹ، شاہدرہ، ٹولنٹن مارکیٹ اورمنڈیالی سٹاپ پر آپریشن کیا گیا ۔علاوہ ازیں باٹا پور جلو پارک کے رہائشی علاقے میں پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ چھاپہ مار کر رہائشی مکان کے اندر قائم غیر قانونی ذبح خانہ پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں مردہ اور بیمار جانوروں کا گوشت برآمد کر لیا گیا ،3 مردہ جانوروں کا گوشت فریزر سے برآمد جبکہ2 شدید بیمار جانور بھی قبضے میں لے لیے گئے ، موقع پر انتہائی گندی جگہ اور زمین پر رکھ کر بیمار جانوروں کا گوشت تیار کیا جا رہا تھا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مضرِ صحت گوشت قبضے میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دیا۔ غیر قانونی ذبح خانے سے چربی کے ڈھیر اور توڑوں میں پیک کی گئی چربی بھی برآمد کر لی گئی ۔ باٹا پور پولیس نے مرکزی ملزم صفدر علی کو موقع پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر کے حوالات منتقل کر دیا۔