سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کو یقینی بنایا جا رہا:سی ای او ہیلتھ
حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے :ڈاکٹر سہیل احمد
قصور(نمائندہ دنیا) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی قصور ڈاکٹر سہیل احمدنے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں، بالخصوص بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال قصور میں مفت ادویات، معیاری طبی سہولیات اور مریضوں کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ عوام کو صحت کی جدید اور بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر سہیل نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور ان اقدامات کے مثبت نتائج عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال قصور سمیت ضلع کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتالوں، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت میں مریضوں کو مفت ادویات، تشخیصی سہولیات، ایمرجنسی طبی امداد اور بہتر علاج معالجہ کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور میں مریضوں کی سہولت کے لیے مختلف شعبہ جات کو مزید فعال بنایا گیا ہے جبکہ ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔سی ای او ہیلتھ اتھارٹی قصور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے ہر مریض کو عزت، احترام اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی نگرانی میں صحت کے شعبہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔