بارودی مواد برآمدگی کیس کا فیصلہ، 2ملزموں کوقید کی سزا
لاہور( کورٹ رپورٹر )انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم تنظیم سے تعلق اور دھماکا خیز بارودی مواد برآمدگی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے۔۔۔
دو ملزمان کو قید بامشقت کی سزائیں سنا دیں۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہد سکندر نے کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم نقیب اللہ کو 8 سال جبکہ ملزم صالح رضا کو 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔عدالت نے دونوں ملزمان کی جائیداد بحق سرکار ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ فیصلے کے موقع پر ملزمان نقیب اللہ اور صالح رضا کو جیل سے سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو دوبارہ جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔استغاثہ کے مطابق سی ٹی ڈی لاہور نے ملزمان کے خلاف کالعدم تنظیم سے تعلق اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں جمع کرایا تھا، جس پر سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔