غیر مسلم طلبہ کیلئے مذہبی نصاب ، درسی کتب کی منظوری
کلاشا برادر ی کیلئے پہلی بار \"کلاشا تعلیم\" کی درسی کتب متعارف کرائی گئیں
لاہور(خبر نگار)پنجاب میں اقلیتی طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ پہلی بار مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے غیر مسلم طلبہ کے لیے الگ الگ مذہبی نصاب اور درسی کتب کی منظوری دے دی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی، پیکٹا نے تعلیمی سیشن 2026-27 سے غیر مسلم طلبہ کے لیے نئی مذہبی درسی کتب کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ اس اقدام کو اقلیتی طلبہ کے لیے ان کے عقائد کے مطابق تعلیم کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مسیحی طلبہ کے لیے ’’مسیحی تعلیم‘‘ کا نصاب جماعت اول سے نہم اور گیارہویں جماعت تک پڑھایا جائے گا۔ ہندو طلبہ کے لیے \"سناتن دھرم\" جبکہ سکھ طلبہ کے لیے \"سکھ دھرم\" کی درسی کتب ابتدائی جماعتوں کے لیے منظور کی گئی ہیں۔ اسی طرح کلاشا برادری کے طلبہ کے لیے پہلی بار ’’کلاشا تعلیم‘‘کی درسی کتب متعارف کرائی گئی ہیں۔ بدھ مت سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے \"بدھ مت\" اور زرتشتی طلبہ کے لیے \"زرتشتیت\" کے نصاب کی بھی منظوری دے دی گئی ہے ۔