ایکسائز :نئے مالی سال کیلئے 124ارب ریونیو کا ٹارگٹ مقرر
پچھلے برس 75 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر کے مقررہ ہدف کا 98 فیصد حاصل
لاہور(خبر نگار)نئے مالی سال کے لیے ریونیو وصولی کا مجموعی ہدف 124 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ اس ہدف کے حصول کے لیے پراپرٹی ٹیکس، موٹر وہیکل ٹیکس اور دیگر محصولات کی وصولی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چھٹہ کا کہنا ہے کہ ڈی سی ویلیو کی بنیاد پر پراپرٹی ٹیکس کا نیا نظام نافذ کیا گیا ہے ، تاہم اس کے باوجود شہریوں پر اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ ٹیکس دہندگان کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔ان کے مطابق پراپرٹی ٹیکس دہندگان کو 50 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں اور رضاکارانہ طور پر ٹیکس کی ادائیگی کو فروغ ملے ۔ دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل ایکسائزنے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ وصولیاں کیں اور 75 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس اکٹھا کر کے اپنے مقررہ ہدف کا 98 فیصد حاصل کیا جو گزشتہ مالی سال کی نسبت 35 فیصد زیادہ ہے ۔