ایل ڈی اے سٹی :کمرشل پلاٹس آسان اقساط پرفروخت کافیصلہ
اجلاس میں مختلف ریونیو ذرائع کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تجاویز بھی پیش
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ریونیو جنریشن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے آمدن بڑھانے کی مختلف تجاویز اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹاؤن پلاننگ ونگ نے نئے مالی سال کے لیے اپنی منصوبہ بندی پر بریفنگ دی، جبکہ مختلف ریونیو ذرائع کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تیار کیے گئے پرپوزلز بھی پیش کیے گئے ۔ڈائریکٹر آکشن نے اجلاس کو نئے مالی سال کے آکشن کیلنڈر سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے رواں ماہ ایونیو ون اور جوہر ٹاؤن کے کمرشل پلاٹس مارکیٹ میں پیش کرے گا تاکہ ریونیو میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے ۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایل ڈی اے سٹی کے بزنس بے میں واقع کمرشل پلاٹس بھی آسان اقساط پر قرعہ اندازی کے ذریعے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے ، جس کے لیے انتظامی تیاریاں جاری ہیں۔ اجلاس کے دوران ایل ڈی اے سٹی میں جاری پلاننگ اور ترقیاتی سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نئے مالی سال کے ریونیو اہداف کے حصول کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔