عوام عذاب میں مبتلا،حکومت ریلیف دے ،سرداررحیم
بجلی بندش سے پانی کی فراہمی، طلبہ کی تعلیم متاثر اور مریض بڑھ رہے ہیں حکومت لوڈشیڈنگ ختم اور مبینہ ڈبل بلنگ کے خلاف کارروائی کرے ،خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام غیر اعلانیہ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت اور بھاری بلوں کے عذاب میں مبتلا ہیں، حکومت فوری طور پر شہریوں کو ریلیف فراہم کرے ۔پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ بجلی کی بندش سے پانی کی فراہمی، طلبہ کی تعلیم اور اسپتالوں میں مریضوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرنے ، پانی کی فراہمی بحال کرنے اور مبینہ ڈبل بلنگ کے خلاف کارروائی کرے ۔ انہوں نے پی ایس کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ 15 ستمبر سے پہلے تمام یونین کونسلوں کے تنظیمی دفاتر مکمل کیے جائیں۔کراچی ڈویژن کے صدر محمد انور عظیم ایڈووکیٹ نے کارکنان پر زور دیا کہ پارٹی کے لیے اخلاص اور دیانتداری سے کام کریں۔کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جمشید خان نے کہا کہ ایسی تنظیمی ملاقاتیں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل تیزی سے عوام میں مقبول ہو رہی ہے ۔جی ڈی اے کراچی ڈویژن کے کنوینر ارمان فیاض نے کہا کہ تمام ذمہ داران ٹیم ورک کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور پارٹی تنظیم کو کراچی کے ہر علاقے تک مضبوط بنائیں۔ کارکنان محنت اور لگن جاری رکھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments