پنڈی بھٹیاں: فوڈ اتھارٹی کی غفلت، مضر صحت کھانے، شہری بیمار
حفظان صحت کے اصول نظر انداز ،موٹروے سکھیکی سروس ایریا میں وزیر اعلیٰ کی معاون کا چھاپہ ، کئی پوائنٹس سیل
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)ضلع حافظ آباد کی فوڈ اتھارٹی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے با عث شہری مضر صحت کھانے کھا کر ہسپتالوں میں پہنچنے لگے ،ضلع بھر میں فوڈ پوائنٹس پر حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد خواب بن گیا۔ فوڈ پوائنٹس پر حشرات الارض سے کھانے پینے کی چیزوں کو محفوظ رکھنے کے کوئی انتظامات نہیں ،مکھیاں اور مچھر بھنبھناتے رہتے ہیں جبکہ کھانا تیار کرنے اور ٹیبلوں پر سرو کرنے والے ملازمین کے سروں پر ٹوپیاں اور نہ ہی گلوز ہوتے ہیں ۔ جگہ جگہ سڑکوں گلیوں اور بازاروں میں کھلے عام کھانے پینے کی اشیا تیار اور فروخت کی جا رہی ہیں جہاں گردوغبار ان اشیا پر پڑتا ہے ۔ علاوہ ازیں یہ پوائنٹس ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کر رہے ہیں ۔اسی طرح چکن اور گوشت کی د کانوں پر جالیوں کا کوئی انتظام نہیں اور مضر صحت گوشت کھلے عام مہنگے داموں فروخت ہورہا ہے ۔گزشتہ روز بھی دلیکی کے رہائشی ایک خاندان کے 5افراد ایک بیکری کا مضر صحت کیک کھانے کے بعد ہسپتال پہنچ گئے ۔ حافظ آباد کی فوڈ اتھارٹی ٹیم کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے موٹر وے ایم ٹو کے سکھیکی سروس ایریا پر مشہور برینڈز کے فوڈ پوائنٹس پر چھا پہ مار کر وہاں سے باسی سبزیاں ،مضر صحت گوشت اور کیڑوں ملا بیسن اور آٹا ملنے پر ان مراکز کو سیل کردیا ۔شہریوں نے فوڈ اتھارٹی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کو کھلی چھٹی دینے والوں کو کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments