تاجروں کے مسائل کا حل حکومتی ترجیح،جام اکرام دھاریجو
کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا صوبے کی معاشی و تجارتی ترقی میں تاجربرادری کااہم کردار،وزیر صنعت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ تاجر برادری کے مسائل کے حل اور ان کے مفادات کے تحفظ کو ترجیح دی ہے ۔ تاجر برادری نے صوبے کی معاشی و تجارتی ترقی اور خوشحالی میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے ، جسے حکومت سندھ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔انہوں نے یہ بات کراچی الیکٹرانکس ایسوسی ایشن کی تقسیمِ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ تاجر برادری نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرنے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ حکومت سندھ ان کی خدمات کو سراہتی ہے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے وہ تاجر برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت سندھ ان کے جائز مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں صنعت و تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments