بارشوں نے نکاسی آب اور ترقیاتی کاموں کا پول کھول دیا
بارشیں رکتے ہی متاثرہ سڑک کی مکمل مرمت کر دی جائے گی:انتظامیہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مسلسل بارشوں نے شہر بھر میں نکاسی آب اور ترقیاتی کاموں کا پول کھول دیا ہے ۔ سب سے بڑا نقصان مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن پر دیکھنے میں آیا۔شوکت خانم ہسپتال سے اللہ ہو چوک کی جانب جانے والی سڑک، عین ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن کے سامنے بیٹھ گئی۔ یہ وہی سڑک ہے جسے تقریباً ایک ماہ قبل واسا کی جانب سے 2 ارب روپے کی لاگت سے بچھائی گئی نئی سیوریج لائن کی تکمیل کے بعد ازسرنو تعمیر کیا گیا تھا۔بارش کا پانی جمع ہونے اور نکاسی کے ناقص انتظام کے باعث سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا۔ اطلاع ملتے ہی واسا اور ایل ڈی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ متاثرہ حصے کو فوری طور پر اکھاڑ کر عارضی طور پر مٹی اور بجری سے پر کر دیا گیا۔شہریوں کو حادثات سے بچانے کے لیے متاثرہ مقام پر حفاظتی بیریئرز اور وارننگ ٹیپس نصب کر دی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments