جشن آزادی :پی ایچ اے میں ذمہ داریاں تفویض
گریٹر اقبال پارک میں آتش بازی ،لائٹنگ سمیت خصوصی فلوٹس چلائے جائینگے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )جشن آزادی کی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کیلئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے تیاریاں تیز کر دیں۔ ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت اجلاس میں تقریبات کیلئے مختلف شعبوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔13 اگست کی رات بارہ بجے گریٹر اقبال پارک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، 14 اگست کی صبح نو بجے جیلانی پارک میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ہوگی، شہری بڑی تعداد میں شریک ہونگے ۔پی ایچ اے کی جانب سے شہر کی نمایاں شاہراہوں کو قومی پرچم کے رنگوں سے سجانے اور خصوصی لائٹنگ کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے ۔ جیل روڈ، مال روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت اہم سڑکیں دلکش منظر پیش کریں گی۔قومی دن کی مناسبت سے لاہور میں خصوصی فلوٹس بھی چلائے جائینگے جبکہ لبرٹی چوک سمیت پی ایچ اے کے تمام زونز میں مفت پودوں کی تقسیم کیلئے خصوصی سٹالز لگائے جائینگے تاکہ شہریوں میں شجرکاری کے فروغ اور سرسبز لاہور کے پیغام کو عام کیا جا سکے ۔احمد عثمان جاوید کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس مرتبہ مزید بہتر اور منظم انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ جشنِ آزادی قومی وقار، بھرپور جذبے اور شاندار انداز میں منایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments