پیکٹا:انٹرمیڈیٹ کی8نئی درسی کتابیں مارکیٹ میں فراہم
نئے نصاب کا مقصد طلبہ کو معیاری اور یکساں تعلیمی مواد فراہم کرنا :سی ای او
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب میں تقریباً 20 سال بعد انٹرمیڈیٹ کی درسی کتابوں میں بڑی تبدیلی کر دی گئی۔ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ (پیکٹا) نے نئے قومی نصاب (نیشنل کریکولم آف پاکستان) کے مطابق تیار کردہ انٹرمیڈیٹ کی آٹھ نئی درسی کتابیں مارکیٹ میں فراہم کر دی ہیں، جو نئے تعلیمی سال سے طلبہ کو دستیاب ہوں گی۔حکام کے مطابق انٹرمیڈیٹ کی کتابیں 2002 کے نصاب کے مطابق شائع کی جا رہی تھیں، تاہم اب انہیں جدید تعلیمی تقاضوں اور قومی نصاب سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے ۔ سی ای او پیکٹا سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل تمام نئی کتابیں مارکیٹ میں پہنچا دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے نصاب کا مقصد طلبہ کو جدید، معیاری اور یکساں تعلیمی مواد فراہم کرنا ہے ۔ حکام کے مطابق اس سے قبل نویں اور گیارہویں جماعت کی کتابوں کو بھی نئے قومی نصاب کے مطابق تبدیل کیا جا چکا ہے ، جبکہ اب انٹرمیڈیٹ کی مزید آٹھ کتابوں کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے ۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے نصاب اور نئی درسی کتابوں سے طلبہ کی سیکھنے کی صلاحیت بہتر ہوگی اور ملک بھر میں یکساں معیارِ تعلیم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments