میوہسپتال :ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر معمول
شعبہ فنانس کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہسپتال کا بجٹ اور فنڈز کی روانی بھی متاثر
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )میوہسپتال کو خودمختار انسٹی ٹیوشن کا درجہ ملنے کے بعد سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر معمول بن چکی ہے ۔ذرائع کے مطابق میو ہسپتال کے ملازمین کو ہر ماہ تنخواہ کی بروقت ادائیگی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے ۔ شعبہ فنانس کئی ماہ سے تنخواہیں وقت پر جاری کرنے میں ناکام ہے جس کے باعث ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ہر ماہ یہی انتظار رہتا ہے کہ تنخواہ کب آئے گی، کوئی تاریخ یا شیڈول طے نہیں ہے تنخواہوں میں تاخیر کے باعث گھریلو اخراجات، بچوں کی فیس اور دیگر ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔میو ہسپتال کو چند سال قبل خودمختار حیثیت دی گئی تھی ، لیکن اس کے بعد سے مالی امور مزید خراب ہو گئے ہیں۔ شعبہ فنانس کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہسپتال کا بجٹ اور فنڈز کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔صحت کے ماہرین اور ملازمین نے حکومت پنجاب اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ میو ہسپتال کے مالی نظام کا فوری آڈٹ کرایا جائے اور ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں کی سہولیات میں خلل نہ آئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments