لمز نے فضائی آلودگی اسباب کی نشاندہی کیلئے سینٹر قائم کردیا
سینٹر فار ایئر پولیوشن اینڈ انوائرنمنٹ کے قیام سے تحقیقی مطالعہ کیا جائے گا
لاہور(خبر نگار)لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز)نے پنجاب میں فضائی آلودگی کے اسباب کی نشاندہی کیلئے سینٹر فار ایئر پولیوشن اینڈ انوائرنمنٹ (CAPE)قائم کر دیاجسکے تحت کئی سال پر محیط تحقیقی مطالعہ کیا جائے گا۔ صوبہ کے مختلف مقامات پر ہونیوالی اس تحقیق کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ فضائی آلودگی کن ذرائع سے پیدا ہوتی ہے اور ہر ذریعہ ہوا کو کتنا آلودہ کرتا ہے ۔ منصوبے میں فضائی آلودگی کے کیمیائی تجزیے کیلئے جدید ترین لیبارٹری کا قیام بھی شامل ہے ۔ شعبہ کیمسٹری اینڈ کیمیکل انجینئرنگ لمز کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر قاسم امتیاز اس مرکز کے بانی ڈائریکٹر ہیں جبکہ ڈاکٹر فرح سعید، ڈاکٹر شہانہ خورشید اور ڈاکٹر والٹر شوارزباخر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔افتتاحی تقریب میں لمز کی قیادت، مرکز کے پالیسی ایڈوائزری بورڈ ارکان، صوبائی محکموں، فضائی معیار پر کام کرنیوالے اداروں، محققین اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ پنجاب کو درپیش فضائی آلودگی کے مسائل اور ان سے نمٹنے کیلئے تحقیق سے حاصل ہونے والی معلومات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لمز کے پرووسٹ ڈاکٹر طارق محمود جدون نے مرکز کے مقاصد اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے سائنسی تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر قاسم امتیاز نے کہافضائی آلودگی سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے ہمیں آلودگی کی مقدار جانچنے کیلئے باقاعدہ اعداد و شمار جمع کرنے کی ضرورت ہے (CAPE)یہ معلومات فراہم کرے گا اور حکومت، محققین اور مقامی آبادیوں کے ساتھ مل کر انکی بنیاد پر ایسے مخصوص اقدامات کرنے کیلئے کام کرے گا جو انسانی صحت کے تحفظ میں مددگار ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments