ٹولنٹن مارکیٹ کو فوری ڈی سیل کیا جائے :پولٹری ٹریڈرز
انتظامیہ کے رویے سے صنعت متاثر ہورہی، حکومت مسئلہ فوری حل کرے
لاہور(کامرس رپورٹر)ٹولنٹن مارکیٹ معاملہ پر پولٹری انڈسٹری سے منسلک ایسوسی ایشنز نے لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس میں صدر پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن طارق جاوید کو فوری رہا اور ٹولنٹن مارکیٹ کو فوری ڈی سیل کرنے کا مطالبہ کرتے کہاکہ پولٹری کی صنعت انتظامیہ کے غلط رویے سے بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ پنجاب بھر میں برائلر کا بحران پیدا ہورہا ہے ،بزنس کمیونٹی پر دہشتگردی کے مقدمات کسی صورت قبول نہیں ۔ اس خیالات کا اظہار کوآرڈینیٹر پولٹری ٹریڈرز ظہیر عباسی سمیت صدر سرگودھا پولٹری ٹریڈرز ،صدر گوجرانوالہ پولٹری ٹریڈرز سمیت دیگر عہدیداران نے کیا ۔ انہوں نے کہا 8 اکتوبر ٹولنٹن مارکیٹ میں انتظامیہ نے ٹیکس ادا کرنیوالے تاجروں پر دھاوا بول کرانہیں دہشتگرد بنادیا۔ فوڈ اتھارٹی نے الزام لگایا کہ تاجر 1235 کلو مردہ مرغی بیچ رہے تھے حالانکہ فوڈ اتھارٹی کاعملہ 3 شفٹوں میں ٹولنٹن مارکیٹ موجود ہوتا ہے ۔ دیگر محکموں کے اہلکار بھی صبح سے رات تک وہاں ہوتے ہیں،ریکارڈ چیک کیا جائے کہ کیا یہ عملہ وہاں ہر وقت نہیں ہوتا، اداروں کا رویہ قابل مذمت ہے ۔بلاوجہ جرمانے کئے گئے ،ہمارے 2 افرار کو زخمی کردیا گیا ان تک رسائی نہیں دی جارہی۔نہ انکا ایم ایل سی کیا جارہاہے نہ بیان ریکارڈ کیا جارہاہے ۔پیٹرن انچیف پیاف میاں انجم نثار نے انتظامی رویوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے کہا بزنس کمیونٹی کیساتھ ایساسلوک قابل مذمت ہے ،ارباب اختیار ہوش کے ناخون لیں۔ماحول کو کاروبار کیلئے سازگار بنائیں۔چیئرمین پولٹری ایسوسی ایشن ڈاکٹر ارشد حنیف نے کہا پولٹری ٹریڈرز پر جو ظلم ہواہے اس پر اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔ حکومت یہ سنگین مسئلہ فوری حل کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments