ڈی آئی جی کا اردل روم ،17اہلکاروں کی اپیلوں پر فیصلے
کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل بھی سنے ،حل کے احکامات جار ی
لاہور(آئی این پی )ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ہفتہ وار اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں 22 افسر و اہلکار پیش ہوئے ۔ شفاف محکمانہ احتساب کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے 17 اہلکاروں کی اپیلوں پر فیصلے سنائے جبکہ 5 اہلکاروں کی اپیلوں پر ری انکوائری اور مزید غور کے احکامات جاری کیے ۔فیصل کامران نے واضح کیا کہ محکمے میں کام چور اور بدعنوان اہلکاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ اختیارات سے تجاوز کرنیوالے عوام اور پولیس دونوں کے دشمن ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری بھی لگائی ،شہریوں کے مسائل سن کر فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
ایک اوورسیز پاکستانی نے بھائیوں کی جانب سے وراثتی جائیداد چھیننے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی نے ایس ایچ او اسلامپورہ کو شہری کو فوری تحفظ فراہم کرنے اور حق دلوانے کا سختی سے حکم دیا۔ کرایہ دار کی مکان مالک پر تشدد اور جھوٹی درخواستیں دینے پر ایس ایچ او ڈیفنس اے کو کارروائی کا حکم دیا گیا۔ بہن کو جائیداد سے محروم رکھنے اور اس پر تشدد کرنے پر ایس ایچ او ڈیفنس سی کو فوری مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سود خور کی دھمکیوں اور رقم خورد برد کرنے پر ایس ایچ او شمالی چھائونی اور گجر پورہ کو جبکہ بیٹے کے ناروا سلوک کا شکار بزرگ باپ کی شکایت پر ایس ایچ او سبزہ زار کو فوری کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments