قصور چیمبر آف کامرس کی حلف برداری، ڈی سی کی شرکت
انتظامیہ کاروباری رکاوٹیں دور کرنے کیلئے موثر اقدامات کررہی:محمد آصف رضا
قصور(نمائندہ دنیا) قصور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریبِ حلف برداری، ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے خصوصی شرکت کی۔ تفصیل کے مطابق ضلع قصور کی معاشی ترقی، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور تاجر برادری کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے قصور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریبِ حلف برداری میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں معروف صنعت کار ایس ایم تنویر نے بھی خصوصی شرکت کی اور قصور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نومنتخب کابینہ، بالخصوص صدر عمران شوکت، سینئر وائس صدر خدیجہ مبارک اور وائس صدر شاہ زیب مجاہد کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے سابق صدر وفاؤنڈر کاشف کھوکھر اور حاجی اکرم ذکی کی تاجر برادری کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا۔تقریب میں چودھری نوید اوکاڑہ، ڈاکٹر نعمان سیالکوٹ، چودھری امجد لاہور، عامر عطا باجوہ سرگودھا، عبدالرؤف مختار رحیم یار خاں، چودھری راشد ساہیوال، میاں ظفر فیصل آباد، کوئٹہ سے جمعہ خاں، ذکی اعجاز، طارق محمود، سردار ندیم بارا ودیگر شرکاء نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے قصور میں تعیناتی کے بعد انہیں ضلع کی معیشت کو مستحکم بنانے ، صنعت و تجارت کو فروغ دینے اور کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے کا خصوصی ٹاسک سونپا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے ، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور صنعتی و تجارتی اداروں کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments