جعلی ڈگریوں کی روک تھام :ایچ ای سی کیساتھ اہم پیشرفت
یونیورسٹیز کے امتحانی گزٹ بار کونسلز کو فراہم کرنے پر اتفاق، فوکل پرسن مقررجعلی ڈگریوں کی روک تھام کیلئے وکلا کی تعلیمی اسناد تصدیق ضروری :پنجاب بار کونسل
لاہور(این این آئی)جعلی ڈگریوں کی روک تھام اور وکلا ء کی تعلیمی اسناد کی مستند تصدیق یقینی بنانے کیلئے پنجاب بار کونسل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ اس ضمن میں ملک بھر کی یونیورسٹیز کے امتحانی گزٹ صوبائی بار کونسلز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ شیئر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے تاکہ وکلا ء کی ڈگریوں اور تعلیمی اسناد کی تصدیق اصل تعلیمی ریکارڈ کی بنیاد پر کی جا سکے ۔ اس مقصد کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا ہے جو متعلقہ یونیورسٹیز اور بار کونسلز کے درمیان رابطے اور ریکارڈ کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
اس سلسلے میں وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل قیصر نذیر ساہی کی سربراہی میں وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ اینڈ انوویشن ڈاکٹر امجد سے ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ارشد ہنجرا، سیکرٹری رفاقت سوہل، ممبر پنجاب بار کونسل حسن عباس ہمدانی اور سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان شامل تھے ۔ ملاقات میں لا ڈگریوں کی تصدیق، جعلی اسناد کی نشاندہی اور یونیورسٹیز کے امتحانی ریکارڈ تک رسائی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قیصر نذیر ساہی اور ارشد ہنجرانے کہا جعلی ڈگریوں کی روک تھام اور وکلا کی تعلیمی اسناد کی مستند تصدیق وقت کی اہم ضرورت ہے ،وکالت ذمہ دارانہ پیشہ ہے جسکی بنیاد دیانت داری، میرٹ اور پیشہ ورانہ اہلیت پر قائم ہے ، اسلئے ضروری ہے کہ قانونی پیشے سے وابستہ ہر فرد کی تعلیمی قابلیت کی جانچ مستند ریکارڈ کے ذریعے کی جائے ۔ جعلی اسناد کے ذریعے وکالت کے پیشے میں داخل ہونیوالے عناصر نا صرف وکلا برادری کی ساکھ متاثر کرتے ہیں بلکہ نظام انصاف پر عوام کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ پنجاب بار کونسل ایچ ای سی اور ملک بھر کی یونیورسٹیز کے تعاون سے اس نظام کو موثر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ قانونی پیشے میں صرف مستند تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ اہلیت کے حامل افراد کی شمولیت یقینی بنائی جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments