ایف آئی اے : بینک ڈیفالٹ، حوالہ ہنڈی کے ملزم پکڑ لئے
ایک ارب کابینک ڈیفالٹر نجی کمپنی کا ڈائریکٹراور حوالہ ہنڈی کے دو ملزم گرفتار ملزموں سے 83لاکھ 85ہزار، موبائل ،حوالہ ہنڈی کا ڈیٹا برآمد، تفتیش جاری
لاہور (آن لائن)ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور نے مختلف کارروائیوں کے دوران بینک ڈیفالٹر نجی کمپنی کے ڈائریکٹر سمیت حوالہ ہنڈی کے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی میں ایک ارب روپے کے بینک ڈیفالٹ معاملے پر نجی کمپنی کے ڈائریکٹر رانا شہریار کو گرفتار کیا گیا۔دوسری کارروائی کے دوران لاہور کے لنڈا بازار میں غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے اڈے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے دو ملزموں شیر محمد اور دولت خان کو گرفتار کیا گیا۔
کارروائی میں ملزموں کے قبضے سے 83 لاکھ 85ہزار روپے پاکستانی کرنسی، موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق پیغامات اور اہم ڈیٹا بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق برآمد ہونیوالے حوالہ ہنڈی ڈیٹا میں لاہور کے بعض وائٹ کالر جرائم پیشہ افراد کے نام بھی شامل ہیں۔ دونوں ملزموں کیخلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے اور برآمد ہونیوالے ڈیٹا کی روشنی میں مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments