انڈس ہسپتال میں میرِ کارواں یوتھ کانفرنس کا انعقاد
مصنوعی ذہانت،مستقبل کی ملازمتوں پر پینل ڈسکشن، 300طلبہ کی شرکت
لاہور(سٹاف رپورٹر)انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے جوبلی ٹاؤن لاہور کیمپس میں میرِ کارواں یوتھ کانفرنس کے تحت کیا مصنوعی ذہانت (AI) ہماری ملازمتیں ختم کر دے گی یا ہمیں اپنے کام میں مزید بہتر بنائے گی؟ کے موضوع پر اہم پینل ڈسکشن کا انعقاد ۔ لاہور کے مختلف سکولوں اور کالجز کے 300 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ لمز کے پروفیسر سلمان شاہد، سی ای او ارفع کریم فاؤنڈیشن تابندہ اسلام، پروجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی احمد منظور اور پنجاب یونیورسٹی کی پروفیسر جویریہ قیس نے بطور پینلسٹس شرکت کی اور مصنوعی ذہانت کے مستقبل، نوجوانوں کیلئے اسکے امکانات ، روزگار پر اسکے اثرات اورنئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پینلسٹس نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اسے سمجھیں، سیکھیں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے استعمال کریں۔ نوجوان ٹیکنالوجی کو مثبت اور تعمیری مقاصد کیلئے بروئے کار لائیں۔اس موقع پر انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق اعظم نے کہا میرِ کارواں یوتھ کانفرنس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز، جدید ٹیکنالوجی اور بدلتے عالمی رجحانات سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ آنیوالے وقت کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی کیلئے بہتر تیاری کر سکیں۔ہمارا مقصد نوجوانوں میں اعتماد، آگاہی اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کر سکیں اور ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments