ایل ڈی اے سٹی :تعمیراتی میٹریل پھینکنے پرکارروائی کا فیصلہ

ایل ڈی اے سٹی :تعمیراتی میٹریل پھینکنے پرکارروائی کا فیصلہ

پلاٹ مالکان ، بلڈرز کو سڑکوں پر ریت، بجری، اینٹیں ، ملبہ رکھنے پر جرمانے ہونگے

لاہور(شیخ زین العابدین )ایل ڈی اے سٹی میں سڑکوں پر تعمیراتی میٹریل پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ ،پلاٹ مالکان اور بلڈرز کو سڑکوں پر ریت، بجری، اینٹیں اور ملبہ رکھنے پر جرمانے ادا کرنا ہونگے ۔ایل ڈی اے اتھارٹی نے جرمانوں کی منظوری دیدی، اجلاس کے منٹس جاری ہوتے ہی فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ دستاویزات کے مطابق ایل ڈی اے نے خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے جرمانوں کا باقاعدہ ڈھانچہ منظور کر لیا جسکے مطابق ایل ڈی اے سٹی میں5مرلہ پلاٹ کے مالک کو10ہزار ، دس مرلہ پر 20 ہزار جبکہ دو کنال کے پلاٹ پر40ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ سٹیٹ سٹاف ایل ڈی اے سٹی میں تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا اور سڑکوں، فٹ پاتھوں یا دیگر عوامی مقامات پر میٹریل رکھنے کی خلاف ورزی رپورٹ کرے گا۔ سٹیٹ آفیسر پلاٹ مالک یا بلڈر کو خلاف ورزی پر باضابطہ نوٹس جاری کرے گا اور مقررہ وقت میں تعمیراتی سامان ہٹانے کی ہدایت کی جائیگی۔ نوٹس پر عمل نہ کرنے یا مسلسل خلاف ورزی پرڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، ہاؤسنگ نائن کی پیشگی منظوری سے ناصرف جرمانہ کیا جائے گابلکہ سڑکوں اور دیگر سرکاری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے پر مرمت اور بحالی کے اخراجات بھی متعلقہ پلاٹ مالک سے الگ وصول کیے جا سکیں گے ۔ متاثرہ مالک یا بلڈر کو جرمانے کیخلاف ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ ایل ڈی اے کے سامنے نظرثانی درخواست دینے کا اختیار ہوگاجس پر انکا فیصلہ حتمی تصور کیا جائے گا۔ایل ڈی اے سٹی کی سپروائزری کمیٹی نے چھ نومبر دو ہزار چھبیس کے اجلاس میں جرمانوں کی سفارش کی تھی جسکی اتھارٹی نے منظوری دے دی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...