موسم گرما کی گرد سے نمٹنے کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا پلان تیار
تمام بڑی شاہراؤں،چوکوں اور فلائی اوورز کی واشنگ کر کے مٹی کھرچی جائیگی
ملتان(خبرنگارخصوصی)شہر اولیاء میں موسم گرما کی گرد سے نمٹنے کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پلان تیار کرلیا ہے ۔تمام بڑی شاہراؤں،چوکوں اور فلائی اوورز کی واشنگ کی جائیگی اور چوکوں اور شاہراؤں کے ڈیوائیڈرز کیساتھ جمع ہو جانے والی مٹی کو بھی کھرچا جائیگا۔پہلے مرحلے میں پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے چوک کمہاراں والا فلائی اوور کی واشنگ شروع کردی گئی ہے ۔ایم ڈی اے چوک کی سکریپنگ اور نشتر چوک کی واشنگ بھی کردی گئی ہے ۔واشنگ پلان کے بارے گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے بتایا کہ ملتان گرد گرما گدا و گورستان کے نام سے مشہور ہے ،موسم گرما میں سڑکوں پر گرد پڑنے سے دھول اڑتی ہے جوکہ آنکھوں، ناک اور حلق میں جانے کے باعث شہریوں کے لئے اذیت کا باعث بنتی ہے جس سے سانس کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے موسم گرما میں تمام فلائی اوورز، چوکوں اور شاہراؤں کو مرحلہ وار دھونے کا پلان تشکیل دے دیا ہے ۔