پنجاب کلچر ڈے پر تقریب ،افسران کو روایتی پگ پہنائی گئیں
کلچر ڈے کا مطلب پوری دنیا کو اپنی ثقافت سے روشناس کرانا ہے ،ندیم قریشی
ملتان (وقائع نگار خصوصی)پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے ڈی سی آفس میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت محمد ندیم قریشی،ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی،ممبران صوبائی اسمبلی جاویداختر انصاری، سلیم لابر اور طارق عبداللہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب خان،رانا اخلاق احمد خان اور اسسٹنٹ کمشنر خواجہ عمیر محمود نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر اور اراکین اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئیں۔پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے ۔پنجاب کلچر ڈے منانے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا فیصلہ قابل تعریف ہے ۔کلچر ڈے کا مطلب پوری دنیا کو اپنی ثقافت سے روشناس کرانا ہے ۔پنجاب حکومت نے بلوچ اور سرائیکی کلچر ڈے بھی منایا ہے ۔ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ کلچر ڈے منانے کا مقصد اپنی ثقافت کی ترویج ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع ملتان میں بڑے پیمانے پر لوک ورثہ میلہ منعقد کرنے کا پروگرام تشکیل دیا گیا تھا لیکن کورونا وبائکی تیسری لہر کی وجہ سے لوک ورثہ میلہ ملتوی کر دیا گیا ہے ۔اب کلچر کی تقریبات کو انتہائی محدود کر دیا گیا ہے ۔