قانون پر عملدرآمد اور انصاف فراہمی ترجیح، مسائل دہلیز پر حل کرنے کیلئے کوشاں :منیرمسعود مارتھ

قانون پر عملدرآمد اور انصاف فراہمی ترجیح، مسائل دہلیز پر حل کرنے کیلئے کوشاں :منیرمسعود مارتھ

ملتان پولیس بغیر کسی دباؤ کے آزادنہ کام کررہی ہے ،تھانوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے کھلی کچہریاں لگاتے ہیں :آرپی او ،روزنامہ دنیا کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر ملتان آفس آمد پر گفتگو

ملتان (نسیم یوسف)سٹی پولیس آفیسر و قائمقام آر پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے کہا ہے کہ قانون پر عملدرآمد اور انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، آئی جی پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے پر کوشاں ہیں،مشکلات وہاں سامنے آتی ہیں جہاں انفارمیشن کا تبادلہ نہ ہو ،8سالہ عروج فاطمہ کے قتل کیس میں پولیس اور سی آئی اے ٹیموں کے مابین معلومات کا تبادلہ ایک مثال تھا جس کے باعث کامیابی ملی۔شجاع آباد میں شادی والے گھر میں دلہن زیادتی واقعہ میں پولیس نے دن رات محنت کی اور ملزموں کو گرفتار کیا۔ تھانہ گلگشت اور قطب پور میں اغوا برائے تاوان کی دو وارداتوں کو بھی مختصر وقت میں ٹریس کیا۔ انہوں نے روزنانہ دنیا کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر دنیا ملتان آفس آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،منیجنگ ریذیڈنٹ ایڈیٹر افتخارالحسن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سی پی او و قائمام آر پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے مزید کہا کہ 15 کی کال پر پولیس کے کوئیک رسپانس کو یقینی بنایا گیا جبکہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی اطلاع پر بھی پولیس فوری ایکشن کرتی ہے ۔منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ ملتان پولیس بغیر کسی دباؤ کے آزادنہ کام کررہی ہے ،تھانوں میں نفری کی کمی کی شکایت اپنی جگہ موجود ہے مگر اس پر قابو پانے میں بھی کوئی کسر نہ اٹھا رکھی ہے ۔تھانوں میں آنیوالے سائلین کے مسائل فوری حل کرنیکی ہدایات کر رکھی ہے جبکہ تھانوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے کھلی کچہریاں بھی لگائی جارہی ہیں جن میں خود موجود ہوتا ہوں اور لوگوں کے مسائل سنتا ہوں۔ سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ ڈویژن لیول سمیت تھانوں کی اچھی شہرت کے حامل افسر تعینات ہیں مگر ان کو یہ بھی واضح پیغام دیا گیا ہے کہ غفلت کا مظاہرہ بالکل برداشت نہ کیا جائے ۔ملتان میں چوریوں اور ڈکیتی کی وارداتوں کو روک تھام کیلئے پولیس گشت کو یقینی بنایا گیا ہے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات سخت کئے گئے ہیں جس سے شہر میں کرائم کا گراف نیچے آیا ہے ،منشیات فروشی کی روک تھام کیلئے کاروائیاں جاری ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں