شاہ شمس پارک کی بحالی دعوؤں تک محدود ہرکررہ گئی

شاہ شمس پارک کی بحالی دعوؤں تک محدود ہرکررہ گئی

جھولے ٹوٹ گئے ،سکریپ اور کاٹے درختوں کی لکڑی بیچے جانے کی شکایات سستی تفریح حکومت کی ترجیح نہیں :شہری ،منصوبے جلد مکمل ہونگے :پی ایچ اے

ملتان(شفقت بھٹہ)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی نااہلی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے ملتان کے شہریوں کی سستی تفریح گاہ شاہ شمس پارک کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے ، پارک میں جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سوکھی جھیل، ٹوٹی کشتیاں، مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ تفریح گاہ ویرانی کا منظر پیش کررہی ہے جبکہ یہاں آنیوالے بچے بڑے سب ہی شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی کی مبینہ غفلت کے باعث ملتان میں لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی چوری ہونے لگی ہے جبکہ بڑی تعداد میں درختوں کو کاٹنے سے پارک کو اجاڑنے کی کسر پوری کر دی گئی ہے ۔ پارک کا ٹریک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے جس کی بحالی کیلئے بھی تاحال اقدامات نہیں کیے گئے ۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر ملتان کی جانب سے ماضی میں متعدد مرتبہ پارک کی بحالی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں مگر محکمہ پی ایچ اے بدستور پارک کی بحالی کے دعوؤں کی حد تک محدود ہے ۔ پی ایچ اے کی جانب سے عرصہ دو سال سے پارک میں 4 کروڑ 80 لاکھ کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہیں مگر بحالی کا کام مکمل ہونے کے بجائے طول پکڑتا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں پارک کھنڈر کی شکل اختیار کر چکا ہے ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور پارک میں آنے والے شہریوں کے لئے کہیں بھی تفریح کے مواقع میسر نہیں ہیں۔ پارک میں سٹنگ ایریاز، جاگنگ ٹریک کی تعمیر سمیت دیگر منصوبے بدستور ادھورے ہیں۔ دریں اثناء پارک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر ملتان اپنے دورے کے دوران ناقص میٹیریل کے استعمال پر ٹھیکیدار کی سرزنش بھی کر چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سستی تفریح کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے ۔ پی ایچ اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں