کاشتکار یوریا کھاد کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

کاشتکار یوریا کھاد کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

ملتان (خبر نگارخصوصی) پیپلز پارٹی سے رکن صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی اور خواجہ رضوان عالم نے کہا ہے کہ آج پورے ملک کی طرح کھاد کی قلت پر حکومت کے خلاف ملتان میں بھی ٹریکٹر ٹرالی مارچ ہوگا۔

 جس میں ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع سے ریلیاں شرکت کریں گی۔ پی ٹی آئی حکومت اگر علیحدہ صوبہ بنانے میں مخلص ہے تو سینیٹ میں پہلے سے منظور شدہ بل قومی اسمبلی میں لایا جائے ۔علیحدہ صوبے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کے خطوط سنجیدہ عمل نہیں، وزیراعظم عمران خان کو چاہئے کہ وہ خود بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کو خطوط لکھیں۔ 27 فروری کو کراچی سے لانگ مارچ کا اعلان مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف ہے ، اگر کوئی اور پنجاب سے سندھ جانا چاہتا ہے تو پہلے عوام کو ایجنڈے سے آگاہ کرے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گیلانی ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا کسان بدحالی کا شکار ہے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کاشتکار یوریا کھاد کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔کھاد کی قلت کی وجہ سے کسان کا گلہ دبا دیا ہے ،آج کسانوں کے حق میں حکومت کے خلاف ایک بجے بہاولپور بائی پاس چوک پر ٹریکٹر ٹرالی مارچ نکالا جائے گا جس میں خانیوال، لودھراں، وہاڑی اور ملتان کے اضلاع سے کسانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کھاد افغانستان ودیگر اطراف سمگل اور بلیک ہو رہی ہے ۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کسانوں کو انکی دہلیز پر کھاد پہنچائی جائے لیکن حکومت کی نااہلی کے باعث کسان لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔ پیپلز پارٹی کسانوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ہمیشہ ہر سطح پر کسانوں کی آواز اٹھاتی رہے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں