بارش سے ریلوے کواٹرز کی حالت اور خستہ،رہائشی خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور

بارش سے ریلوے کواٹرز کی حالت اور خستہ،رہائشی خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور

ملتان(خبرنگارخصوصی)حالیہ موسلا دھار بارشوں نے خستہ حال ریلوے کوارٹرزکو مزید کھوکھلا کر دیا، ریلوے ملازمین اور ان کے اہل خانہ خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔۔

دوسری جانب محکمہ ریلوے کے افسروں کی افسر شاہی میں کمی نہیں آ سکی ہے ، ملازمین کی تنخواہ سے ہر ماہ5فیصد کٹوتی کے باوجود خستہ حال کوارٹرز کی مرمت کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جاتے جبکہ مرمت کی مد میں حاصل ہونے والی رقم افسروں کے بنگلوں کہ مرمت پر لگا دی جاتی ہے ، جس کی وجہ سے ریلوے کالونیوں کی حالت ابتر ہو چکی ہے اور ریلوے کالونی کے کوارٹرز انتہائی خستہ حال اور کھنڈارات کے مناظر پیش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ریلوے ملتان ڈویژن میں ریلوے کے 2600 کوارٹرز ہیں جبکہ ملتان شہر میں کوارٹرز کی تعداد 700 سے زائد ہے جہاں درجہ چہارم کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ملازمین کے مطابق ریلوے کالونیوں کے خستہ حال کوارٹرزکے مکین مضر صحت اور گندا پانی پینے پر مجبور ہیں ، پانی کہ ٹینکیوں کی صفائی کبھی نہیں کرائی گئی۔ انگریز دور میں تعمیر کئے جانے والے ان کوارٹرزاوردیگر مسائل کے حل کے لئے متعدد مرتبہ افسروں کو درخواستیں دی گئیں تاہم کوئی حل نہ نکل سکا ۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کی کھلی کچہری اور ای کچہری میں بھی متعدد شکایات کوارٹرزکی مخدوش حالت زار کے حوالے سے ہوتی ہیں مگر اس کے باوجود افسر ٹس سے مس نہیں ہوتے ۔ ریلوے کالونیوں کے مکینوں نے ریلوے کے اعلی افسروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کوارٹرز کی مرمت کرائی جائے تا کہ محفوظ زندگی گزار ی جاسکے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں