مفت آٹا لینا وبال جاں ،بھگدڑ معمول ،کئی خواتین بے ہوش

مفت آٹا لینا وبال جاں ،بھگدڑ معمول ،کئی خواتین بے ہوش

ملتان ،مظفر گڑھ ،خان گڑھ ،جودھ پور، سکندرآباد ،ٹاٹے پور،مخدوم رشید(لیڈی رپورٹر،سٹی رپورٹر،نمائندہ دنیا ،نامہ نگار)مفت آٹے کی فراہمی عوام کے لیے وبال جان بن گئی ۔۔۔

آٹا پوانٹس پر غیر معمولی رش سے متعدد افرابے ہوش ہونے لگے جبکہ خواتین مفت آٹا نہ ملنے پر سراپا احتجاج بن گئیں اورشہریوں کی جانب سے آٹا مضر صحت ہونے کی شکایات آنے لگیں ۔مفت آٹا سکیم کے تحت شہریوں کو 24 دنوں میں آٹے کے 10 کلو والے 3تھیلے فراہم کئے جانے ہیں لیکن ملتان شہر میں بنائے گئے 34 سیلز پوانٹس میں شہریوں کیلئے آٹے کا حصول وبال جان بن گیا ہے ۔روزہ کی حالت میں آٹا لینے کیلئے شہری صبح سویرے آجاتے ہیں اورکئی کو سارا دن انتظار کے بعد بھی آٹانہیں ملتا کیونکہ عملہ اپنے من پسند افراد کو نوازنے میں مصروف ہے ۔شہریوں نے آٹے کے غیر معیاری ہونے کی شکایت بھی کی ہے ۔مظفر گڑھ کے علاقہ شہر سلطان میں مفت آٹا پوائنٹ الکریم میرج ہال میں بھگڈر کے باعث دیوار گر گئی جس کے باعث10افراد زخمی ہوگئے ۔ کبیروالا کے ہائی سکول گراؤنڈ اور ایم سی گراؤنڈ میں قائم سنٹرز پر عوام کا بے پناہ ہجوم ہے گزشتہ روز دھکم پیل کے نتیجے میں ایک خاتون بے ہوش ہوگئی ۔ شجاع آباد ڈگری کالج پوائنٹ پر آٹا لینے آئی خاتون بے ہوش ہوگئی اورکئی گھنٹے مفت آٹانہ ملنے پر بھگدڑ مچ گئی جس کے بعد خواتین سمیت شہریوں نے ایکسپریس وے بلاک کرکے شدید احتجاج کیا، ایکسپریس وے کئی گھنٹے ٹریفک کے لئے بند رہا اورگاڑیوں کی لمبی لائن لگ گئی ۔ ٹاٹے پور مفت آٹا پوائنٹ پر دھکم پیل سے 5خواتین بے ہوش ہوگئیں ۔مخدوم رشید میں بھی آٹا پوائنٹ پر شدید رش کی وجہ سے 2 خواتین بے ہوش ہو ئیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں