کم وسائل،پولیس کیلئے کرائم کنٹرول کرنا مشکل

کم  وسائل،پولیس  کیلئے  کرائم  کنٹرول  کرنا  مشکل

ملتان (نعمان خان بابر سے )چار کروڑ کا ادھار پٹرول ، پولیس کو پٹرولنگ کیساتھ نفر ی کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش ، 15کا رسپانس ایک گھنٹے سے تجاوز ، شہریوں اور تاجروں کے لٹنے کا سلسلہ جاری۔۔۔

 رواں سال چوری کے 9898واقعات،62قتل ، 8 ڈکیتیوں اور2867موٹر سائیکل چوریوں سے کرائم کی شرح بڑھنے کے حوالے سے ملتان ریجن سر فہرست رہا ،پولیس افسروں کی کھلی کچہریاں محض فوٹوسیشن ثابت ہوئیں ۔محافظ سکواڈ اور ڈولفن فورس ناکوں کے بجائے مردم شماری میں مصروف ہے جبکہ کرائم میں خوفناک حدتک اضافے پر شہریوں اور تاجروں کا پولیس پر اعتماد کم ہونے سے فاصلے مزید بڑھ گئے ۔ شہریوں کا چوروں اور ڈکیتوں کو پکڑ کر قانون کو ہاتھ میں لینا بھی معمول بنے لگاہے ۔ ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر)سہیل چودھری کا کہناہے کہ تاجروں کا کرائم میں سو فیصد اضافے پر پولیس کیخلاف احتجاج اور وارداتوں میں اضافے پر تشویش ہے تاہم زیادہ کرائم کے علاقوں میں مناسب پٹرولنگ کا بندوبست کر لیا جبکہ مختلف گینگز کے 43 ملزموں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا اور ساڑھے تین کروڑ سے زائد ما لیت کی مال مسروقہ کی برآمدگی بھی کی، جلد ہی تاجروں سے مشاورت کیساتھ بہترین سکیورٹی پلان بنا کر امن وامان کی صورتحال کافی حدتک بہتر کر دیں گے ۔کیپٹن (ر)سہیل چودھری نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں لیکن اس کے باوجود سسٹم کو بہتر طریقے سے چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، شہری بھی کرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کا ہاتھ ، کان اور بازو بن کر بھرپور ساتھ دیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں