نشتر2ہسپتال کاجلد بازی میں افتتاح مسائل پیدا کرے گا، پی ایم اے

نشتر2ہسپتال کاجلد بازی میں افتتاح مسائل پیدا کرے گا، پی ایم اے

ملتان(نیوز رپورٹر )نشتر 2 کو عجلت میں فعال کرنے کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میدان میں آگئی۔پی ایم اے ملتان کے۔۔

 صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے دیگر ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ نشتر 2کے جلد بازی میں افتتاح سے مسائل پیدا ہوں گے ، عمارت نامکمل ہے ،کمرے پورے نہیں اور حکومت یکم جون سے فعال کرکے آؤٹ ڈور سروس شروع کرنا چاہتی ہے ، نشتر 1 سے 15 سے 20 ڈاکٹر نشتر ٹو بھیجے جارہے ہیں،اس طرح نشتر 1میں ڈاکٹرز کی کمی ہوجائے گی جبکہ وہاں ڈاکٹروں کی پہلے ہی کمی ہے ۔27اپریل کو نشتر ٹوکے آوٹ ڈور سیکشن کیلئے ڈاکٹر ز و دیگر سٹاف کی 200سیٹوں کی منظوری دی گئی لیکن تاحال بھرتی کا عمل شروع نہیں ہوا،دوتین روز قبل اشتہار دیا گیا جبکہ بھرتی کا عمل مکمل ہونے میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے ۔نشتر انتظامیہ حکومت کی گرین بک میں نام لکھوانے کیلئے سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے ،اس صورتحال میں مریضوں اور ڈاکٹرز کیلئے بے تحاشہ مسائل پیدا ہونگے ۔وزیر اعلیٰ ،وزیر صحت پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ ہے کہ تمام سیٹوں پر بھرتی اور عمارت مکمل کرنے کے بعد افتتاح کیا جائے ،نشتر ہسپتال سے بھیجے گئے تمام ڈاکٹر اور سٹاف کے ٹرانسفر آڈر ز واپس لئے جائیں،تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے راستے میں حائل دشواریوں کو دور کیا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں