ریلوے سٹیشنوں پر مضر صحت اشیا خورونوش کی فروخت دھڑلے سے جاری،مسافر بیمار
ملتان(شفقت بھٹہ)ریلوے سٹیشنوں پر مضرصحت اشیا خور و نوش کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے ، جو مسافروں کے لئے بیماریوں کا باعث بن رہی ہیں۔
ریلوے ملتان ڈویژن کے تمام سٹیشنوں پر قائم سٹال اور ریسٹورنٹ بیماریاں تقسیم کر رہے ہیں، مضر صحت کھانے کی اشیا اور گندے برتنوں کے استعمال نے ریلوے حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دئیے ہیں۔ ریلوے افسروں کی جانب سے وقتا فوقتا ریلوے سٹیشن پر سٹال کی انسپکشن اور پھر جرمانے کرنے کے ساتھ وارننگ بھی جاری کی جاتی ہے مگر سٹال اور ریسٹورنٹ مالکان معیاری اشیا خور و نوش کی فراہمی اور صاف ستھرے برتنوں کا استعمال ایک دن کے لئے بھی نہیں کرتے ۔ ریلوے سٹیشنوں پر برگر، انڈہ، ٹکی، چائے ، سوہن حلوہ اور ناقص مشروبات کی سیل مختلف شہروں سے آنیوالے مسافروں کیلئے بیماریوں کا باعث مسلسل باعث بنی ہوئی ہے ۔ اسی طرح ٹرینوں کی ڈائننگ کاروں میں بھی اشیاء خور و نوش کا معیار بھی گر چکا ہے ، جہاں باسی کھانوں کی فراہمی کے باوجود حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ریلوے سٹیشنوں کے باہر بھی جا بجا ریڑھیاں ، ٹھیلے ،اور خوانچہ فروش نظر آتے ہیں جو ناقص چیزوں کی فروخت کیساتھ ساتھ گندے برتن بھی استعمال کرتے ہیں جس سے ریلوے سٹیشن پر ملازمین اور مسافروں میں بیماریوں پھیلنے لگی ہیں لیکن انتظامیہ نے کبھی چیک نہیں کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے سٹیشنوں پر قائم سٹالوں اور ریسٹورنٹ پر اشیا خور و نوش کے معیار میں کمی کی بنیادی وجہ ریلوے افسر ہیں جو منتھلیاں لینے میں لگے رہتے ہیں ۔ ریلوے افسروں کی ملی بھگت سے ہی سالہا سال سے سٹالوں کے ٹھیکوں میں توسیع دے دی جاتی ہے ۔ ریلوے ترجمان نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ اشیا خور و نوش کے معیار کو بہتر رکھنے کے لئے آئے روز چھاپے مارے جاتے ہیں ۔