سیلاب کے باعث بند:زکریا ایکسپریس 10ماہ بعد بحال

سیلاب کے باعث بند:زکریا ایکسپریس 10ماہ بعد بحال

ملتان، شجاع آباد، سکندر آباد (خبرنگار خصوصی،نیوزرپورٹر،سٹی رپورٹر،نامہ نگار)سیلاب کے دنوں میں بندکی گئی ملتان اور کراچی کے درمیان چلنے والی زکریاایکسپریس کو 10ماہ بعد بحال کردیاگیا۔۔۔

صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی اور ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن حماد حسن مرزا نے گزشتہ روز پروقارافتتاحی تقریب میں ٹرین کو ملتان سے کراچی روانہ کیا ، ٹرین کراچی سے بھی ملتان کے لئے روانہ کی گئی۔ افتتاح تقریب میں ریلوے افسروں اور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں راشد اقبال،سابق صدر شیخ فضل الٰہی ،نوید احمد چغتائی ،سہیل طفیل،احمد چغتائی و دیگر نے بھی شرکت کی۔ حماد حسن مرزا کا کہنا تھا کہ زکریا ایکسپریس ٹرین کی بحالی وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر کی گئی ہے ،زکریا ایکسپریس ٹرین ملتان سے کراچی جاتے ہوئے شجاع آباد ، گیلے والا ، لودھراں ، بہاولپور، سمہ سٹہ ، ڈیرہ نواب صاحب ، لیاقت پور اور خانپور سٹاپ کرے گی ،زکریا ایکسپر یس ٹرین میں 11 اکانومی، 2 بزنس، 3 سٹینڈرڈ، ایک ڈائنگ کار، ایک بریک وین اور ایک پاور پلانٹ کوچز لگائی گئیں ہیں، ٹرین میں ملتان سے 912 مسافر روانہ ہوئے جبکہ دیگر سٹیشنوں سے بھی مسافروں کی ایڈوانس بکنگ ہوچکی ہے ۔ صنعت کارخواجہ جلال الدین رومی نے ملتان ریلوے سٹیشن کیلئے وہیل چیئرزعطیہ کیں اور خطاب کرتے کہا کہ زکریا ایکسپریس کی بحالی سے کاروباری برادری کا درینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے ۔ریلوے سٹیشن پر کام کرنے والے قلیوں کی بھی بھرپور مدد کی جارہی ہے اور دسترخوان کے ساتھ ساتھ دوسرے فلاحی کاموں کو انجام دیا جا رہا ہے ۔ زکریا ایکسپریس بحال ہونے پر مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شجاع آبا دمیں لوگوں نے ٹرین کا شاندار استقبال کیا اور سٹاپ بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔سکندر آباد میں بھی ٹرین کی بحالی پر خوشی کا سماں تھااورریلوے سٹیشن پر لوگوں کا رش لگارہا جبکہ جلال پور پیروالا کے لوگوں نے بھی بھرپور خوشی کا اظہا رکیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں