اہل مغرب تحریک لبیک پاکستان سے خائف:انس حسین رضوی

اہل مغرب تحریک لبیک پاکستان سے خائف:انس حسین رضوی

ملتان(خبرنگارخصوصی)تحریک لبیک پاکستان کے بانی علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے اور تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ سعد حسین رضوی کے چھوٹے بھائی علامہ انس حسین رضوی نے کہا ہے کہ۔۔۔

 اہل مغرب تحریک لبیک پاکستان سے خائف ہیں، موجودہ مہنگائی کی اہم وجہ سودی نظام معیشت ہے ، سودی نظام کے خاتمے تک ہم ترقی نہیں کرسکتے ۔ تحریک لبیک پاکستان کے دور حکومت میں سودی نظام کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام ملتان میں نظام مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ انس حسین رضوی کا مزید کہنا تھا کہ مقام مصطفیٰ ؐ کے تحفظ اور نفاذ نظام مصطفیٰ ؐکیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کررکھا ہے ،غریب عوام بھوک سے خود کشیاں کررہی ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے ، ملک جن حالات سے دوچار ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ ملک میں سب نظام ناکام ہوچکے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں نفاذ نظام مصطفیٰ کیلئے عملی جدو جہد کی جائے ۔ کانفرنس سے علامہ صاحبزادہ محمد مجاہد اسماعیل رضوی، علامہ مفتی محمد مظہر حسین چشتی، علامہ قاری یونس قادری،بابا محمد افضل نقشبندی، پیر سید طیب سلطان شاہ، محمد حسین بابر ایڈووکیٹ، ملک اظہر حسین سندیلہ، چوہدری زاہد حمید گجر، علامہ غلام شبیر عطاری، عبدالصمد باروی، اویس یاسین رضوی، چوہدری فیضان حنیف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں