نشتر ہسپتال ، 24گھنٹے میں آشوب چشم کے 103 مریض
ملتان(لیڈی رپورٹر)پنجاب بھر کی طرح ملتان میں بھی آشوب چشم وبا کے وار جاری ہیں۔ نشتر ہسپتال آشوب چشم آوٹ ڈور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 103مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کی طرف سے بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں الگ کاؤنٹر قائم کردیا گیا ۔امراض چشم وارڈ اور شعبہ ایمرجنسی نشتر ہسپتال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے آشوب چشم میں مبتلا 103 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔ مریضوں میں 53 مرد، 26 خواتین اور 24بچے شامل ہیں ۔ مریضوں کو معائنہ کے بعد علاج تجویز کر کے گھروں پر آئی سو لیشن اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔ اس حوالے سے سربراہ شعبہ امراض چشم نشتر ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ کا کہنا ہے کہ آشوب چشم کی علامات میں آنکھوں کا سرخ ہونا ، پانی آنا ، سوجن ہونا، درد ہونا، روشنی چبھنا وغیرہ شامل ہیں ۔ یہ مرض زیادہ تر بغیر کسی علاج کے صرف احتیاط اور آئی سو لیشن میں رہ کر 7 سے 10 دن تک ٹھیک ہو جاتا ہے۔ بہت کم کیسز میں ایسا ہوتا ہے کہ مریض کی آنکھ کے اگلے پردہ کارنیا کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں با آسانی منتقل ہو سکتا ہے۔ دھوپ میں نکلیں تو سبز رنگ کی عینک استعمال کریں ۔ آشوب چشم ہونے پر فوری مستند معالج سے رجوع کریں۔