محکمہ اوقاف کے زونل دفاتر میں اضافی اخراجات بند،ادائیگیاں روک دیں

محکمہ اوقاف کے زونل دفاتر  میں اضافی اخراجات بند،ادائیگیاں روک دیں

ملتان(خبرنگارخصوصی)محکمہ اوقاف اربوں کے اثاثوں کا مالک ہونے کے باوجود خسارے سے دوچار ، تنخواہوں، الائونسز، طبی اخراجات اور یوٹیلٹی بلز کے علاوہ دیگر تمام اخراجات غیراعلانیہ بند۔۔۔

صوبہ بھر کے زونل دفاتر میں اخراجات کم کرنے کا فیصلہ ، ملتان سمیت پنجاب بھر کے زونل ایڈمنسٹریٹروں کو مالی اخراجات کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس کے تحت تمام زونل دفاتر کو رواں مالی سال کے اختتام تک غیر ضروری ادائیگیاں نہ کرنے کا پابند بنا یا گیا ہے ۔ زونل دفاتر کو کہا گیا ہے کہ وہ تنخواہوں، الاونسز، طبی اخراجات اور یوٹیلٹی بلز کے علاوہ کسی اور مد میں اخراجات نہیں کر سکتے بصورت دیگر خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شعبہ اکاؤنٹس اوقاف کی جانب سے ہنگامی فیصلوں سے متعلق ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، پاکپتن کے ایڈمنسٹریٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ محکمہ اوقاف کی ملکیتی 75 ہزار ایکڑ اراضی ہے جس میں سے 30 ہزار ایکڑ اراضی زیر کاشت اور 45ہزار ایکڑ غیر کاشت شدہ ہے ۔ اسی طرح صوبہ بھر میں اوقاف کے 546مزار اور 437مساجد موجود ہیں، اوقاف کی 1426 رہائش گاہیں اور 6179کانیں کرائے پر ہیں جبکہ 10 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی ناجائز قابضین کے تسلط میں ہے ۔ اس اثاثوں کے باوجود محکمہ اوقاف کے اعلیٰ افسران آمدنی کے زیادہ سے زیادہ حصول کیلئے موثر پالیسی نہیں بنا سکے جس سے محکمہ مالی پریشانیوں سے دوچار ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں