شعبہ صحت میں فارما سسٹ اہم مقام کے حامل،ڈاکٹر عرفان
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ میں ورلڈ فارماسسٹ ڈے منایا گیا۔دنیا بھر کی طرح رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ میں۔
بھی ورلڈ فارماسسٹ ڈے منایا گیا۔سٹال لگاگر مریضوں کو ادویات کے استعمال کے بارے میں آگاہی دی گئی اور اس دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کی میزبانی مس رخسانہ بتول ڈپٹی منیجر فارمیسی ڈیپارٹمنٹ نے کی ۔ ڈاکٹر عرفان جاوید کا کہنا تھا کہ فارماسسٹ صحت کے شعبہ میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر کا کام دوا تجویز کرنا ہے جبکہ دوا کی مکمل خوراک، استعمال اور حفاظت کے بارے میں فارماسسٹ ہی مریض کو رہنمائی کرتے ہیں۔ رجب طیب اردگان ہسپتال میں فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ فیکلٹی چیئر ڈاکٹر شیراز حسن بھٹہ کا کہنا تھا کہ فارمیسی کا شعبہ کسی بھی ہسپتال میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ضامن ہوتا ہے ۔ہیڈ آف آپریشن وقار احمد کا کہنا تھا کہ فارمیسی ڈیپارٹمنٹ ہسپتال کا اہم ترین شعبہ ہوتا ہے ۔اس شعبے کے بغیر صحت کی سہولیات کی فراہمی ناممکن ہے ۔عمر آفتاب خان نے کہا کہ فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کسی بھی ہسپتال میں ایک اہم شعبے کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمارے ہسپتال کے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ نے ہمیشہ محنت اور لگن سے ثابت کیا ہے کہ وہ ہسپتال کے مشن کی تکمیل میں اہم کردار اداکر رہے ہیں۔