ڈی ایچ کیو میں سروسز کو بہتر بنایا جائے ،سید آصف شاہ

وہاڑی(نمائندہ خصوصی، نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کا دورہ کیا اور آؤٹ ڈور پرچی کاؤنٹر کا جائزہ لیا۔۔۔
انہوں نے رش کے پیش نظر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صدیق احمد اور ایم ایس ڈاکٹر احمد فراز کو ہدایت کی کہ خواتین کے لیے کاؤنٹر کی تعداد بڑھائی جائے اور کمپیوٹر کے لیے متبادل سپلائی کے لیے یو پی ایس نصب کرایا جائے تاکہ پرچی کے اجراء میں تعطل نہ آئے ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے واٹر کولر کی صفائی اور پانی کے نکاس کو بہتر کرنے بھی حکم دیا ۔ ایک خاتون نے شکایت کی کہ گلے کے مرض کے علاج کے لیے مجھے مختلف کمروں کے چکر لگوائے جا رہے ہیں لیکن کوئی بھی چیک کرنے کو تیار نہیں ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ کو معاملات کی بہتری کا حکم دیا ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال سے سروسز کی بہتری کو یقینی بنایا جائے انہوں نے ڈسپنسری کے معائنہ کے دوران ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہمی کا نظام مزید بہتر کرنے اور ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں آصف حسین شاہ نے وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم سینٹر پر گاڑیوں کی فٹنس کے طریق کار کا معائنہ کیا ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی شرح کو کم کرنے میں گاڑی کی فٹنس اہمیت کی حامل ہے حکومت نے فٹنس سینٹر کو جدید خطوط پر قائم کر کے پبلک ٹرانسپورٹ، لوڈر گاڑیوں سمیت دیگر گاڑیوں کی فٹنس سائنٹفک طریقہ سے چیک کرنے کا نظام ترتیب دیا ہے ۔