معیشت بہتر ہوتی ہے تو دہشتگردی شروع ہوجاتی ،میاں زاہد

ملتان(لیڈی رپورٹر)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں جب بھی معاشی حالات بہتر اور ۔۔
ماحول سرمایہ کاری کے لئے سازگار ہونے لگتا ہے تو دہشت گردی شروع ہوجاتی ہے جس سے سارے کئے کرائے پر پانی پھرجاتا ہے ۔ تمام ممالک، غیرملکی ادارے اور سرمایہ کار کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری کے بارے میں فیصلہ آئی ایم ایف کی رائے اور معاشی ریٹنگ کی روشنی میں کرتے ہیں۔ پاکستان کے بارے میں آئی ایم ایف کی رائے اور عالمی اداروں کی ریٹنگ بہتر ہونے لگتی ہے تو سرمایہ کاری روکنے کے لئے دہشت گردی شروع کردی جاتی ہے جو قابل غور ہے ۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکومت، فوج، بیشتر سیاسی پارٹیاں اوردیگرادارے پاکستانی معیشت کے بارے میں ایک پیج پرہیں جس کے بہتر اثرات بھی سامنے آرہے ہیں اورایسے وقت میں دہشت گردی پریشان کن اور قابل مذمت ہے ۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ نگران حکومت اور فوج کی کوششوں سے سمگلنگ ، ذخیرہ اندوزی، ڈالرمافیا اور غیر قانونی تارکین وطن میں کمی آئی ہے جس سے معیشت پر بوجھ کم ہوا ہے ۔