ڈپٹی کمشنر کا افسروں ، ملازموں کی غیر حاضری پر اظہار برہمی
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر میاں عثمان نے مظفرگڑھ میں محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے دفاتر کا معائنہ کیا۔ محکمہ تعلیم اور۔۔
محکمہ صحت کے دفاتر میں متعدد افسر اور اہلکار غیر حاضرپائے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کیا اور اعلیٰ افسروں کو غیر حاضر افسروں اور اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں تمام محکموں کے افسروں اور اہلکاروں کی وقت پر حاضری یقینی بنائیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے اپنے آفس میں آسان رسائی مسائل کم کے تحت کھلی کچہری لگائی اور سائلین کے مسائل سنے ،ڈپٹی کمشنر نے مظفرگڑھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم گرین بیلٹس کا بھی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر عابدہ فرید نے پودے بھی لگائے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا حکومت پنجاب کی ہدایت پر ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے ،شہر کو سرسبز بنانے اور شہریوں کو بہترین ماحول فراہم کرنے کیلئے گرین بیلٹس پر پودے لگائے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے افسروں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر پودوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا سرسبز گرین بیلٹس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا ۔