سموگ،سکولز کی آئوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب بھر کے سکولوں میں تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ،محکمہ سکولز نے پابندی جنوبی پنجاب سمیت صوبے میں بڑھتی سموگ کے باعث لگائی۔۔
،سرگرمیاں حکام کی اجازت سے مشروط کر دی گئیں ، بتایاگیاہے کہ محکمہ سکولز پنجاب نے صوبے بھر کے سکولوں میں سموگ کے باعث تمام آوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی لگادی ہے ۔ جس میں کھیلوں کے مقابلے ، تفریحی دورے بھی شامل ہیں ۔جاری مراسلے کے مطابق کسی بھی آؤٹ ڈور سرگرمی سے پہلے متعلقہ اتھارٹیز کی اجازت لازمی قرار دے دی گئی ۔سکولوں کو کسی بھی آؤٹ ڈور سرگرمی کے لئے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور چیئرمین ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی، دریں اثنا تین روزہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ۔ چھٹیوں کے بعد سکول، کالجز اور جامعات میں حاضری معمول کے مطابق ہے ۔زکریا یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیاں تو جاری رہیں تاہم ایڈمنسٹریشن میں عملہ چھٹی پر تھاجس کی وجہ سے طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔