جعلی زرعی ادویات،کھاد کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

جعلی زرعی ادویات،کھاد کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے جعلی زرعی ادویات، کھادوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی ٹاسک فورسز کے ذریعے سمپلنگ اور۔۔

 مقدمات درج کروانے کی ہدایت جاری کردی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی ادویات کے ڈیلرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ پیدواری شعبے کو تباہی کا شکار کرنے والے مافیا کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔تمام ڈیلرز اپنا سٹاک اگلے ہفتے کے آغاز تک رجسٹر کروائیں۔نان ڈکلیئرڈ سٹاک کیخلاف سخت ایکشن لیکر سٹاک ضبط کرلیا جائے گا۔ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ زرعی ادویات اور کھادوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔تمام نوٹیفائید پوائنٹس پر کھاد کے سٹاک، ریٹ لسٹوں کے پینا فلیکس لگوائے جائیں۔ کاشتکاروں کو کھاد فروخت کی رسید، کیش میمو کے ریکارڈ کو بھی چیک کریں۔ ڈیلرز کاشتکاروں کو یوریا کیساتھ ڈی اے پی کھاد لینے پر مجبور نہیں کرسکتے ۔دریں اثنا کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ہے کہ وطن عزیر کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے ۔ تمام نجی ہائوسنگ سوسائٹیز، سرکاری و نجی ادارے ، پیٹرول پمپ وغیرہ اپنے اپنے علاقے ، سڑک پر شجرکاری کریں۔پرانا شجاع آباد روڈ پر مخیر حضرات کے تعاون سے شجرکاری کی جارہی اور 650 تیار پودے لگائے جارہے ہیں۔ہر طبقہ فکر سے تعاون رکھنے والے فرد کو نسل نو کو آلودگی سے صاف ماحول دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر انجینئر عامر خٹک نے اضلاع کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواب پور روڈ کی تکمیل کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت مل چکی ہے اس لئے اس کی تعمیر بارے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے ۔تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں