اوقاف اہلکاروں کو آمدن میں 20فیصد اضافے کا ٹاسک،زائرین سے وصولی

اوقاف اہلکاروں کو آمدن میں 20فیصد اضافے کا ٹاسک،زائرین سے وصولی

ملتان(شفقت بھٹہ)محکمہ اوقاف کی اپنی پالیسی ناجائز وصولیوں کا سبب ،زائرین کیلئے دردرسربن گئی۔ درگاہوں سے زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے کی ‘‘انوکھی پالیسی’’ مزارات پر حاضری کے لئے آنے والے زائرین کے لئے اذیت سے کم نہیں۔

 20 فیصد اضافہ کے ساتھ ہفتہ وار کیش پورا کرنے کی اس پالیسی سے زائرین کو مذہبی طور پر بلیک میل کر کے کیش بکس بھرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ تفصیل کے مطابق ‘‘ جیسے بھی ہو درگاہوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سالانہ 20فیصد اضافہ کیا جائے ’’ کی پالیسی کے تحت درگاہوں کے نگران و عملہ نے کیش بکس بھرنے کے لئے زائرین کو مذہبی طور پر مجبور کرنا شروع کر دیا ہے ۔ پالیسی کے تحت کیش میں سالانہ 20 فیصد اضافہ نہ کرنے والے نگران و عملہ کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ اس پالیسی کے باعث حاضری کے لئے آئے زائرین کو شدید ازیت جبکہ مزارات پر تعینات عملہ بھی زائرین کو مجبور کر کے کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ یوں عقیدت کے تحت مزارات پر حاضری کے لئے آنے والے زائرین عملی طور پر ‘‘ایک سال بعد کیش میں 20 فیصد اضافہ کریں چاہے جیسے بھی حاصل کیا جائے ’’ کی پالیسی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ پالیسی کو فالو کرنے کے لئے محکمہ اوقاف کی جانب سے درگاہوں پر تعینات نگران اور عملہ کو کیش حاصل کرنے کے لئے فری ہینڈ دیا گیا ہے ۔ چراغی، تیل، جَھنڈ، لنگر، نمک اور پھول دانہ کی مد میں ناجائز وصولیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ پارکنگ سے لے کر حفاظت پاپوش تک سب اہلکار زائرین سے پیسے نکالنے میں لگے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں