پیپلز پارٹی کامقابلہ مہنگائی،بیروزگاری سے ہے ،افتخاراحمد خان
مونڈکا (نامہ نگار)پیپلز پارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے ،اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کیا کہ یہ عوام دوست پارٹی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب وامیدوار این اے 176 نوابزادہ افتخار احمد خان نے شاہجمال کے مختلف علاقوں میں جماعت کے تاسیسی پروگرامزمیں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکسانوں اور مزدوروں کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر نیاپروگرام متعارف کرائیں گے ،عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا پورا حق ہے ، اگر پی ٹی آئی یا ن لیگ کو چنے گی تو ہمیں قبول کرنا پڑے گااور عوام اگر پیپلز پارٹی کو چنے گی تو بھی سب کو قبول کرنا ہوگا،ہم انتخابات کے لئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں،الیکشن میں تاخیر کا سوال الیکشن سے بھاگنے والوں سے کیا جائے ،امید ہے کہ الیکشن کمیشن ملک میں فری اینڈ فیئر انتخابات کرائے گا، الیکشن کمیشن کو اب انتخابات کی تاریخ اور شیڈول کا اعلان کردینا چاہیے ۔نوابزادہ افتخار احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ میڈیا پر سوتیلا سلوک بند کیا جائے ،پراپیگنڈہ اور کردار کشی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا اور آئندہ بھی دیا جائے گا۔