جنوبی پنجاب،سرکاری سکولوں میں امتحانی ایمرجنسی نافذ

جنوبی پنجاب،سرکاری سکولوں میں امتحانی ایمرجنسی نافذ

ملتان (خصوصی رپورٹر)سالانہ امتحانات کی تیاری اور موثر امتحانی نتائج کے لیے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں امتحانی ایمرجنسی نافذ۔۔

، ہر طالب علم کی تفصیلی پروفائل تیار کرنے کا حکم دیدیا، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے موک امتحانات کا انعقاد لازمی قرار، تمام رجسٹرڈ بچوں کی بورڈ کے امتحانات میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایات کردی ۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سکولز ایجوکیشن جنوبی پنجاب عبیداللہ نے میٹرک اور دیگر کلاسز کے امتحانات میں موثر نتائج کے حصول کے لیے گیارہ اضلاع کے تمام سرکاری سکولوں میں امتحانی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ، سکول سربراہان کو جدید طریقہ ہائے تدریس سے بھرپور استفادہ کے لیے موک امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں،تعلیمی بورڈز کی ڈیٹ شیٹ اور شیڈول کے طرز پر تیاری کے لیے چودہ فروری تک ٹیسٹ ری ٹیسٹ سسٹم کے ذریعے طلبہ کی کمزوریوں کو دور کیا جائے گا اور 15فروری سے جماعت دہم کے موک امتحانات ہوں گے ۔

امتحانات کے لیے پرچوں کو مرتب کرتے وقت نئے طریقہ سوالات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ ہر طالب علم کی تفصیلی پروفائل میں تعلیمی تعطیلات کے علاوہ اس کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو درج کیا جائے گا، یہ پروفائل رجسٹر محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کسی بھی وقت دورہ کر کے چیک کر سکیں گے ۔ طلبہ کی ضروریات سامنے رکھ کر سبق کی باقاعدہ پلاننگ کا حکم دیا گیا ہے ۔ٹیسٹ اور امتحانی پرچوں کو ترتیب دیتے ہوئے اساتذہ نئی پالیسی کو مدنظر رکھیں۔ نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کی کلاسز پر بھرپور توجہ دینے اور سالانہ امتحانات کی متوقع تواریخ کو سامنے رکھ کر نہم، دہم پھر بارہویں اور گیارہویں کے طلباء وطالبات کے لیے نصاب کی تکمیل، دہرائی اور پریکٹس ٹیسٹ کا شیڈول مرتب کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ سکول سربراہان اور اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بھی ایک جامع حکمت عملی بنائی جائے گی، بہترین نتائج حاصل کرنے والے سکول کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ کو اعزازات دیے جائیں گے ۔ بہتر نتائج نہ دینے والے سکول سربراہان جواب دہ ہوں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں