مہلک بیماریوں کا شکار مستحق مریض علاج سے محروم

مہلک بیماریوں کا شکار مستحق مریض علاج سے محروم

ملتان(خبرنگارخصوصی)پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب میں تعینات افسروں کی پسند ناپسند کے باعث کینسر اور مختلف مہلک بیماریوں میں مبتلا مریض علاج سے محروم ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ سائلین کو تین مراحل میں پاکستان بیت المال کے ریجنل آفس کے دھکے کھانے پڑتے ہیں، پہلا مرحلہ درخواست جمع کرانے ، دوسرا مرحلہ درخواست پر کارروائی ہونے اور تیسرا مرحلہ کامیاب درخواست پر چیک جاری کرانا ہے ۔ ان مراحل سے گزرنا سائلین کے لئے جوئے شیر لانے کے برابر ہے ۔ جن سائلین کے پاس سفارش ہوتی ہے ان کی درخواست پراسس کر دی جاتی ہے جبکہ جن سائلین کے پاس سفارش نہیں ہوتی وہ دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں، ایسی ہزاروں درخواستیں ہیں جو ریجنل آفس ملتان میں التواء کا شکار ہیں جن پر دفتری کارروائی بھی نہیں ہونے دی جاتی۔ اگر یہ درخواستیں پراسس ہو بھی جائیں تو چیک جاری کرانے کے لئے انہیں پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں۔ سائلین کا کہنا ہے کہ دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، شنوائی کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے اپنے علاج معالجے کے لئے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ عوامی حلقوں نے اپیل کی ہے کہ پاکستان بیت المال مستحق مریضوں کی درخواستوں پر فوری عمل کرے تا کہ مریض اپنا علاج کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ دوسری جانب پاکستان بیت المال کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ جو مریض حقدار ہیں ان کی درخواستیں پراسس کر دی جاتی ہیں، بیت المال کے دفاتر میں سفارش کلچر کا کوئی وجود نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں